QR codeQR code

ہندوستان کے ہمہ گیر اور کثیر الجہتی تعلقات کا فروغ ایران کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے

25 Jul 2023 گھنٹہ 10:26

ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں برکس ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس کے موقع پر ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔


ہندوستان اور ایران کے قومی سلامتی کے اعلی عہدیداروں نے ایک دوسرے سے ملاقات اور سلامتی کے شعبے میں باہمی تعلقات کے فروغ کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں برکس ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس کے موقع پر ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پرہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کا کہنا تھا کہ ان کا ملک برکس میں ایران کی رکنیت کے لیے اپنی پوری توانائياں بروئے کار لائے گا۔

 ایران سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری نے  تہران اور نئی دھلی کے درمیان تعلقات کی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ تاریخی اور ثقافتی رشتوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوط بنیاد فراہم کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کثیرالجہتی عالمی نظام پر مبنی ابھرتی ہوئی طاقت اور ایک بڑی معیشت کے طور پر ہندوستان کے کردار کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے کہا کہ ہندوستان کے ہمہ گیر اور کثیر الجہتی تعلقات کا فروغ ایران کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی گنجائشوں کا تقاضا ہے کہ تہران اور نئي دہلی کے درمیان اعلی سطح کی مشاورت اور تبادلہ خیال کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔

علی اکبر احمدیان نے چاہ بہار کی بندرگاہ کو ایران ہندوستان کی تعاون کی مثال قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان نقل و حمل، توانائی اور بینکنگ کے شعبوں میں طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ باہمی تعاون کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

علی اکبر احمدیان نے دہشت گردی اور منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کے خلاف جنگ کے بارے میں دونوں ممالک کے نظریات میں پائي جانے والی ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران اس میدان  نئی دہلی کے ساتھ تعاون کے لیے آمادہ ہے۔  

اس ملاقات میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے چاہ بہار کے ترقیاتی منصوبے کو ایران اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل میں حائل روکاوٹوں کو دور کرنے کا عزم ظاہر کیا۔


خبر کا کوڈ: 601436

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/601436/ہندوستان-کے-ہمہ-گیر-اور-کثیر-الجہتی-تعلقات-کا-فروغ-ایران-کی-خارجہ-پالیسی-حصہ-ہے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com