QR codeQR code

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ’دہشت گردوں‘ کا فوجی قافلے پر حملہ

13 Aug 2023 گھنٹہ 16:55

پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا کہ آج ’صبح 10 بجے چھوٹے ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس دہشت گردوں نے حملہ کیا، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔‘


پاکستان فوج نے اتوار کو بتایا کہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ’دہشت گردوں‘ نے ایک فوجی قافلے پر حملہ کیا، تاہم سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور مارے گئے۔

پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا کہ آج ’صبح 10 بجے چھوٹے ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس دہشت گردوں نے حملہ کیا، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔‘

بیان کے مطابق اس کارروائی میں کسی سکیورٹی اہلکار یا شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔

اس سے قبل پاکستان کے سرکاری ریڈیو نے بتایا تھا کہ گوادر میں سکیورٹی فورسز اور ’دہشت گردوں‘ کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور جان سے گیا جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ’علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔‘

سرکاری ریڈیو کی ویب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گوادر میں فقیر کالونی کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جبکہ تمام شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ’گوادر میں چینی انجینیئروں کے ایک قافلے کو بلوچ لبریشن آرمی کی مجید بریگیڈ نے نشانہ بنایا۔‘

تاہم سرکاری حکام، مقامی افراد یا عینی شاہدین نے تاحال اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔

سینیٹر اور سابق صوبائی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ حملے میں کوئی چینی شہری جان سے نہیں گیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں گوادر میں چینی کارکنوں کے قافلے پر ہونے والے گھناؤنے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘

دوسری جانب پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’سکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ’جس کے نتیجے میں چار دہشت گردوں مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔‘


خبر کا کوڈ: 603600

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/603600/بلوچستان-کے-ساحلی-شہر-گوادر-میں-دہشت-گردوں-کا-فوجی-قافلے-پر-حملہ

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com