افغانستان کے امور میں پاکستان کے خصوصی نمائندے نے اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کے ساتھ دو طرفہ اور علاقائی امور خاص طور پر افغانستان پر تبادلہ خیال کے لئے تہران کا دورہ کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف علی خان درانی کا، عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا ایران دورہ ہے ۔
اس دورے میں وہ اپنے ایرانی ہم منصب اور ایران کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات و گفتگو کریں گے۔
آصف علی خان درانی اس سے پہلے ایران میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
پاکستان کے وزير اعظم کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ افغانستان گئے تھے اور وہاں کے عبوری حکام سے بات چیت کی تھی۔
کابل دورے سے ایک دن قبل انہوں نے اسلام آباد میں ارنا کے نمائندے سے ایک انٹرویو میں اپنے عنقریب ایران دورے کے بارے میں بتایا تھا اور بحران افغانستان کے حل میں اس کے پڑوسیوں خاص طور پر ایران و پاکستان کی پالیسیوں میں ہم آہنگی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو افغان عوام کے مسائل کو سمجھنا چاہیے اور ان کے مسائل میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے۔