اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ (ACD) کے وزرائے خارجہ کے 18ویں اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ کو اس فورم کا نیا صدر منتخب کیا گیا۔
اے سی ڈی کا صدر منتخب ہونے کے بعد ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللھیان نے دنیا میں ملٹی پولرازم کے فروغ کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے سی ڈی جیسے کثیرالفریقی ادارے عالمی مشکلات پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر کے ملکوں کے درمیان مفاہمت اور شراکت پیدا کرکے دنیا کی ترقی و پیشرفت کا راستہ ہموار کرسکتے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ایشیا کو قدیم تہذیبوں اور ثقافتوں کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کثیرالفریقی تعاون کے ذریعے براعظم ایشیا میں پائی جانے والی عظیم توانائیوں سے بھر پور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللھیان نے " نئی ٹیکنالوجیوں کے ذریعے زیادہ متحدہ اور طاقتور ایشیا" کو اپنے دور صدارت کے دوران تنظیم کا سلوگن قرار دیا۔ انہوں نے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کو آئندہ سال تہران میں ہونے والے اے سی ڈی کے اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی۔
35 ممالک ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے رکن ہیں جو 2 دہائیاں قبل ڈائیلاگ کے نعرے کے ساتھ قائم کیا گیا تھا اور اس کا سیکریٹریٹ کویت میں قائم ہے۔