حوزہ علمیہ قم کے استاد حجۃ الاسلام عبدالکریم بہجت پور نے تقریب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے امت اسلامی کو وحدت کا پیغام دیا اور اس پر عمل کرنے کی ہداییت کرتے ہوئے کہا کہ وحدت کا نعرہ انقلاب اسلامی بنیادی نعرہ ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم امت اسلامی کی قدرت اور طاقت پر تمرکز کریں۔
بہجت پور صاحب نے کہا کہ وحدت کے سلسلہ میں دشمن کی جو بھی سازشیں ہو سکتی ہیں ان سب کو ناکام بنانے کا طریقہ یہی ہے کہ مسلمان سنجیدگی کے ساتھ وحدت کے مسئلہ کو سمجھیں اور عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیائے اسلام میں ایک اپنے مسائل کے بارے میں ایک واضح نقطہ نظر کا فقدان ہے اور جہان اسلام اعتقادی کمزوریوں کا شکار ہے اور دوسری طرف عالمی استکبار نے مسلمانوں کو فرقہ فرقہ کرنے اور ان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔
ان کے مطابق استکبار وہی فرعون ہے جس کے بارے میں قرآن نے کہا کہ فرعون نے سر زمین مصر میں تکبر کیا اور قتل کا بازار گرم کیا بنی اسرائیل کو تفرقہ اور اختلاف کے ذریعہ بہت ہی کمزور اور ذلیل کیا۔
انہوں نے کہا فرعون کی حکمت عملی یہی تھی کہ وہ معاشرہ کو متفرق دیکھنا چاہتا تھا وہ ایک گروہ کو قتل کرتا تھا اور اس کو کمزور بناتا تھا اور دوسرے کو قوی بناتا تھا۔ وہ حضرت موسیٰؑ کی امت کو صحیح راستہ سے روکتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کہیں ہمیں وحدت کی فضا کمزور نظر آئے ہمیں سمجھ لینا چاہئے کہ اس کارستانی کے پیچھے ضرور استکبار کا ہاتھ ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات کے باوجود بھی وحدت پر تکیہ کرنا چاہئے اور اپنے مشترکات کو مد نظر رکھنا چاہئے۔