یمنی تنظیم کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا ہے کہ طوفان الاقصی کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 73 جنگی کشیتوں کو ہدف بنایا ہے۔
یمنی مقاومتی تنظیم انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام کررہی ہے۔ غزہ میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم انسانی حقوق کے دعویدار ممالک کے لئے باعث شرمندگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت مغربی اور عرب ممالک کے تعاون سے صدی کی سب سے بڑی جنایت کا مرتکب ہورہا ہے۔ امریکہ اور مغربی ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مسلمانوں مخصوصا عرب ممالک کی بے غیرتی کی وجہ سے غزہ میں صہیونی حکومت کو شہہ مل رہی ہے۔
الحوثی نے کہا کہ ان حالات میں صرف اسلامی جمہوری ایران نے فلسطینی عوام کی مدد کی ہے۔ اگر پوری دنیا کے مسلمان فلسطینی عوام کی مدد کرتے تو جنگ کا نقشہ بدل جاتا۔
انہوں نے کہا کہ طوفان الاقصی کے بعد یمنی جوانوں نے 73 جنگی کشیتوں کو ہدف بنایا ہے۔ اللہ کے فضل سے ہم اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے جہازوں کو ہر حال میں روکیں گے۔ بحرہند اور جنوبی افریقہ سے گھوم کر جانے والی کشیتوں پر بھی حملے کے سلسلے میں ہم امید سے ہیں۔