رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور ان کے ہمراہ ایران کے دورے پر آنے والے وفد سے ملاقات میں فرمایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین اور غزہ کے مظلوم اور صابر عوام کی حمایت میں ہرگز دریغ نہیں کرے گا۔
منگل کی شام حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اپنے وفد کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس ملاقات میں، غزہ کے عوام اور فلسطین کے استقامتی محاذ کی بے نظیر مزاحمت اور استقامت کی قدردانی کی اور فرمایا کہ غاصب صیہونی حکومت کی جس کو مغرب کی مکمل حمایت حاصل ہے، درندگی اور جرائم کے مقابلے میں غزہ کےعوام کا تاریخی صبربہت عظیم ہے جس نے اسلام کا سر اوںچا کردیا۔
آپ نے فرمایا کہ دشمن کی خواہش کے برخلاف مسئلہ فلسطین، دنیا کے اہم ترین مسئلے میں تبدیل ہوگیا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ غزہ کے عوام کا قتل عام اور ان کی نسل کشی ہر با ضمیر انسان کو متاثر کررہی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران غزہ کے مظلوم اور صابر عوام کی حمایت میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بین الاقوامی رائے عامہ اور اسی طرح عالم اسلام بالخصوص عرب دنیا کے عوام کی جانب سے غزہ کے عوام کی حمایت کو بہت اہم قرار دیا اور فرمایا کہ فلسطین کے استقامتی محاذ کے تشہیراتی اور ابلاغیاتی اقدامات اب تک بہت خوب تھے اور صیہونی دشمن سے سبقت لے گئے، اس میدان میں مزید اہتمام کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حماس کے ایک رہنما شہید العاروری کا ذکر کرتے ہوئے جنہیں صیہونی حکومت نے شہید کیا، فرمایا کہ ان کی شخصیت بہت ممتاز تھی اور ان کی مجاہدتوں کے عوض خدا وند عالم نے انہیں شہادت عطا فرمائی۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطین بالخصوص غزہ کے عوام کی بے دریغ حمایت کا شکریہ ادا کیا اور غزہ کی زمینی صورتحال نیز اس حوالے سے سیاسی تغیرات کی رپورٹ پیش کی ۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ چھے مہینے میں استقامتی محاذ کے سپاہیوں اور غزہ کے عوام کے مثالی صبر اور استقامت کے نتیجے میں جو ان کے ایمان راسخ کا نتیجہ ہے،صیہونی دشمن جنگ غزہ میں اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل نہ کرسکی۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ نے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی نے صیہونی حکومت کے ناقابل شکست ہونے کا بھرم خاک میں ملادیا ۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ چھے مہینے میں صیہونی دشمن کو سنگین نقصانات کا سامنا ہوا اور اس کے ہزاروں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ جنگ غزہ ایک عالمی جنگ ہے اور امریکی حکومت صیہونیوں کے جرائم میں برابر کی شریک ہے کیونکہ صیہونی حکومت کی جنگ کی کمان اسی کے ہاتھ میں ہے۔
حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اپنی گفتگو کے آخر میں رہبر انقلاب اسلامی سے کہا کہ میں جنابعالی کو یقین دلاتا ہوں کہ غزہ میں جاری تمام تر درندگی، جرائم اور نسل کشی کے باوجودغزہ کے عوام اور استقامتی محاذ کے سپاہی پوری قوت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور صیہونی دشمن کو اس کے اہداف تک ہرگز نہیں پہنچنے دیں گے۔