عالمی یوم القدس کی مناسبت سے "منبر قدس" اجلاس منعقد ، مقاومتی تنظیموں کے سربراہان کا آن لائن خطاب
عالمی یوم القدس کی مناسبت سے "منبر قدس" اجلاس منعقد ہوا جس میں مقاومتی تنظیموں کے سربراہان نے آن لائن خطاب کیا۔
عالمی یوم القدس کی مناسبت سے "منبر قدس" اجلاس منعقد ہوا جس میں مقاومتی تنظیموں کے سربراہان نے آن لائن خطاب کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نجباء کے سیکریٹری جنرل اکرم الکعبی نے کہا کہ عراق، لبنان اور یمن کی مقاومتی تنظیمیں فلسطینی مقاومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونی حکومت اب تک واشنگٹن سے 30 ٹن ہتھیار وصول کرچکی ہے اس لئے امریکہ بھی فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم میں برابر شریک ہے۔
الکعبی نے کہاکہ ہم امریکہ اور اسرائیل کو انتباہ کرتے ہیں کہ مقاومت نے ابھی تک اپنی پوری طاقت کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ فقط ایک جھلک دکھائی ہے۔
اس موقع پر تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا کہ غزہ میں ہم محاصرے کی وجہ سے بھوکے اور پیاسے ہیں اس کے باوجود عربوں اور مسلمانوں نے پیاسوں کو تھوڑی مقدار میں بھی پانی نہیں بھیجا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عرب بھائیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ جو سلوک کررہے ہیں وہ ہمارے ساتھ بھی کریں۔ اسرائیل کو ضرورت کی ہر چیز فراہم کی لیکن ہمیں ان سے منع کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اختلافات کی وجہ سے صہیونی فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ ہمیں باہمی اتحاد اور تعاون کی حفاظت کی ضرورت ہے۔
زیاد النخالہ نے ایرانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کہ مقاومت کی پشت پناہی کی۔ اسلامی جمہوری ایران کی طرف سے مقاومت کی حمایت کو تاریخ میں ہم لکھ کر رکھیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اس سال طوفان الاقصی کے سائے میں عالمی یوم القدس منایا جائے گا۔ دنیا غزہ اور غرب اردن میں صہیونی حکومت کے مظالم کو اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کررہی ہے۔ ہم صہیونی دشمنوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام میں صہیونی حکومت کی جنایت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ طوفان الاقصی نے فلسطین کو دنیا کے کروڑوں انسانوں کے دلوں میں دوبارہ زندہ کیا ہے۔
اس موقع پر عراقی تنظیم بدر کے سیکریٹری جنرل ہادی العامری نے کہا کہ طوفان الاقصی فلسطین کے مسئلے میں تاریخی موڑ ثابت ہوگا۔ استکباری طاقتیں مسئلہ فلسطین کو فراموشی کے سپرد کرنا چاہتی تھیں تاہم طوفان الاقصی نے اس کو عالمی مسائل میں سرفہرست بنادیا۔
انہوں نے کہا کہ مقاومت نے صہیونی حکومت کو شکست کے دہانے پہنچادیا ہے اسی وجہ سے اسرائیل اپنا وجود برقرار رکھنے کے لئے ہاتھ پیر ماررہا ہے۔ طوفان الاقصی نے ثابت کردیا کہ صہیونی حکومت کے جرائم کو مغربی ممالک کی پشت پناہی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ حماس کو ختم نہیں کرسکتا ہے۔ مقاومت پوری طاقت کے ساتھ پھیل رہی ہے جس کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے۔
"منبر قدس" سے خطاب کرتے ہوئے یمنی تنظیم انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ جہاد واحد راستہ ہے جس کے ذریعے دشمن پر فتح حاصل کرسکتے ہیں۔ ہم اپنی میزائل طاقت کو فلسطینی عوام کی حمایت میں استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف صہیونی مظالم کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔ غزہ اور لبنان کے واقعات نے ثابت کردیا کہ دشمن پر فتح حاصل کرنے کا واحد راستہ جہاد ہے۔
الحوؕثی نے مزید کہا کہ غاصب صہیونی چھے مہینے غزہ پر جارحیت کے بعد بھی اپنے اہداف کے حصول میں ناکام ہیں۔ اس دوران انہوں نے صرف جنایت کارانہ اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا وظیفہ ہے کہ کہ فلسطینی عوام کی حمایت کرے جو امت مسلمہ کے مشترکہ دشمن کے خلاف نبرد آزما ہیں۔