رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایک بیان کے ذریعے انتخابات میں عوامی ووٹوں سے منتخب ہونے والے مسعود پزشکیان کو اسلامی جمہوریہ ایران کا صدر مقرر کردیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی 13 ویں کابینہ اور منتخب صدر کی باضابطہ توثیق کی تقریب آج بروز اتوار 28 جولائی 2024 کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
حسینیہ امام خمینی (رح) میں حکومتی عہدیداروں اور اعلی حکام کی موجودگی میں رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے دفتر کے سربراہ نے آئین کے آرٹیکل 110 کے پیراگراف 9 کی بنیاد پر صدر کے انتخاب کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا۔
رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے حکم کا مکمل متن حسب ذیل ہے:
بسماللهالرحمنالرحیم والحمدلله رب العالمین و صلی الله علی محمد و آله الطاهرین سیما بقیةالله فی العالمین
خداوند علیم و حکیم کا شکر کہ اس نے ایک بار پھر ایران اسلامی کو سرفراز اور عظیم ایرانی قوم کے چہرے کو درخشاں بنا دیا۔ صدارتی الیکشن کا مستقبل ساز امتحان عوام اور حکام کے عزم و حوصلے سے سخت حالات میں سکون و اطمینان کے ساتھ انجام پایا اور قوم کی منتخب شخصیت ایک عظیم ذمہ داری کو نبھانے کے لیے حاصل ہو گئی۔
مرحوم شہید صدر کے نامکمل دورۂ صدارت کے بعد 14واں صدارتی الیکشن، ایرانی قوم کے پرافتخار کارناموں میں سے ایک، پائيدار اسلامی نظام کے استحکام کی ایک علامت اور ملک کے سیاسی ماحول کی معقولیت اور متانت کا عکاس ہے۔ دنیا کے بعض خطوں میں اسی طرح کے امتحانات میں کچھ ناخوشگوار واقعات پر نظر ڈالنے سے ایران اور ایرانیوں کی برتری ظاہر ہوتی ہے۔
میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس پر افتخار کارنامے کو رقم کرنے میں کردار ادا کیا، عظیم قوم کی پیروی میں دانشمند، دیانتدار، مقبول اور علمی شخصیت جناب ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ملنے والے عوامی مینڈیٹ کی توثیق کرتا ہوں اور انھیں اسلامی جمہوریہ ایران کی صدارت کے لیے منصوب کرتا ہوں۔ ان کی کامیابی کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ یاد دہانی کراتا ہوں کہ ان کے لیے عوامی مینڈیٹ اور میری ثوثیق اس وقت تک جاری رہے گي جب تک اسلام اور انقلاب کے سیدھے راستے پر چلتے رہنے میں ان کی مستقل پالیسی برقرار رہے گی۔
والسلام علی عباد اللہ الصالحین
سید علی خامنہ ای
7 مرداد 1403 ہجری شمسی
28 جولائی 2024