فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں صیہونی قیدیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی صدر جو بائیڈن کو ٹھہرایا ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں صیہونی قیدیوں کے قتل کی ذمہ داری صیہونی حکومت کی کابینہ پر عائد ہوتی ہے جو نسل کشی کو جاری رکھنے اور جنگ بندی معاہدے سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت بھی صیہونی حکومت کی حمایت اور غزہ کے عوام کے خلاف اس حکومت کی جنگ میں شریک ہونے کی وجہ سے صیہونی قیدیوں کے قتل کی ذمہ دار ہے۔
حماس کے سیاسی بیورو کے رکن نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں ہر روز فلسطینی عوام امریکی ہتھیاروں سے مارے جاتے ہیں اور غزہ میں صیہونی قیدی صرف اس حکومت کے حملوں اور بمباری میں مارے گئے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر امریکی صدر بائیڈن کو قیدیوں کی زندگی کی پرواہ ہے تو وہ صیہونی حکومت کو مالی اور فوجی مدد فراہم کرنا بند کردیں اور اس حکومت پر فوری طور پر جنگ بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔