ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ تل ابیب پرمسلط دہشت گرد گینگ اپنے تحفظ اور سروائیول کے فیصلے میں اسٹریٹیجک ڈیڈ اینڈ سے دوچار ہوگیا ہے.
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے سماجی رابطے کے پیج پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ غزہ کے خلاف گیارہ ماہ سے جاری ہمہ گیر اور جنون آمیز جنگ میں اکتالیس ہزار سے زائد فلسطینی شہریوں کے وحشیانہ قتل عام کے بعد اب صیہونی لیڈروں کے آپسی اختلافات، اعلی فوجی اور سیکورٹی عہدیداروں کے استعفوں اور صیہونیوں کی ہڑتالوں نیز احتجاجی مظاہروں میں بے نظیر سرعت اور وسعت آگئی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ صیہونی برادری اور حکومتی انتظامیہ کے اندر خلیج میں اضافہ دنیا والوں کے سامنے ہے۔
ناصر کنعانی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ یہ اختلاف اور خلیج اتنی بڑھ گئی ہے کہ بعض لیڈران اور ماہرین اسرائیلی نظام حکومت کا شیرازہ بکھرجانے کی بات کرنے لگے ہیں۔
انھوں نے لکھا ہے کہ تل ابیب پر حکم فرما دہشت گرد گینگ اپنے تحفظ اور بقا کے حوالے سے سخت تشویش اور اسٹریٹیجک ڈیڈ اینڈ سے دوچار ہوگیا ہے ۔
ناصر کنعانی نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا جرائم پیشہ نتن یاہوجب تک باقی ہے صیہونی حکومت کے اندرونی اور بین الاقوامی زوال کی رفتار میں روزافزوں اضافہ ہوتا رہے گا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اپنی اس پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ صیہونزم کی ہڈیاں ٹوٹنے کی آواز آنے لگی ہے اور فلسطینیوں کے مقابلے میں اس کو بچانے کی کوشش ہارے ہوئے گھوڑے پر شرط لگانے کے مترادف ہے ۔