ڈنمارک کی پولیس نے اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکوں کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کر لیا
ڈنمارک کی پولیس نے آج (بدھ کو) اعلان کیا کہ کوپن ہیگن میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے دھماکوں کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈنمارک کی پولیس نے ان افراد کی گرفتاری کے بارے میں بتایا کہ 2 افراد کو کوپن ہیگن سینٹرل اسٹیشن سے ایک ٹرین میں گرفتار کیا گیا اور تیسرے شخص کو ڈنمارک کے دارالحکومت میں سے گرفتار کیا گیا۔
کوپن ہیگن پولیس کے چیف انسپکٹر کے مطابق حملہ آوروں نے غالباً 2 دستی بم استعمال کیے تھے۔
چیف انسپکٹر نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بھی اعلان کیا کہ تینوں گرفتار افراد سویڈش ہیں اور ان کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔
اس سے قبل ڈنمارک کی پولیس نے اعلان کیا تھا کہ وہ کوپن ہیگن میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے دو دھماکوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
کوپن ہیگن پولیس نے پہلے "X" سوشل نیٹ ورک پر لکھا تھا: ان دھماکوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور ہم دھماکے کی جگہ پر ابتدائی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس جگہ کے قریب واقع اسرائیلی سفارت خانے (حکومت) سے ان دھماکوں کے ممکنہ تعلق کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔