اسلام آباد میں تعینات ایران کے سفیر نے سات اکتوبر کو حریت پسندی، ناجائز قبضے کے مقابلے میں مزاحمت، فلسطینی عوام کی استقامت، حق خود ارادیت کا دفاع اور ظلم کے مقابلے میں سر خم نہ کرنے کی درخشاں علامت قرار دیا ہے۔
"7 اکتوبر" کی مناسبت سے جاری پیغام میں پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے لکھا ہے کہ اسلام آباد کی جانب سے 7 اکتوبر کو یوم حمایت فلسطین قرار دینا ایک قیمتی اور قابل احترام اقدام اور دنیا کے دیگر ممالک بالخصوص اسلامی ملکوں کے لئے ایک نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ایسی نئی مثالوں کے ذریعے غزہ کے معصوم شہید بچوں اور خواتین کی یاد کو تازہ رکھا جا سکتا ہے جنہیں اسرائیل کی اپرتھائیڈ حکومت نے بے دردی کے ساتھ قتل عام کیا۔
پاکستان میں ایران کے سفیر نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ 7 اکتوبر حریت پسندی، ناجائز قبضے کے مقابلے میں مزاحمت، فلسطینی عوام کی استقامت اور ان کے حق خود ارادیت کا دفاع اور ظلم کے مقابلے میں سر خم نہ کرنے کی علامت کے طور پر تاریخ میں چمکتا رہے گا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ پاکستان کا یہ اقدام ان تمام ممالک کے لئے بھی ایک مثال ہے جنہوں نے صیہونی جرائم کے مقابلے کے لئے اب تک کوئی عملی اقدام نہیں کیا ہے۔