حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا مہاجر الی اللہ ہونے کے ساتھ ساتھ مجاہدہ فی سبیل اللہ بھی تھیں
حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا: حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا امام زادوں میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔ آپ سلام اللہ علیہا مہاجر الی اللہ ہونے کے ساتھ ساتھ مجاہدہ فی سبیل اللہ بھی تھیں۔
انہوں نے کہا: امت اسلامیہ کی فتح حتمی اور یقینی ہے لیکن یہ فتح بعض اوقات تاخیر کے ساتھ آتی ہے جس میں حکمت الہی پوشیدہ ہوتی ہے۔ انہی حکمتوں میں سے ایک پردے کے پیچھے چھپے ایسے دشمنوں کی شناخت ہوتی ہے جو اپنے آپ کو مسلمانوں کے دوست کے طور پر پیش کرتے ہیں جب کہ وہ پردے کے پیچھے غاصب اسرائیلی حکومت سے ملے ہوتے ہیں۔
مجلس خبرگان رہبری کے رکن نے کہا: راہِ جہاد میں ثابت قدمی اور استمرار محاذِ حق کو باطل پر فتح دلائے گا اور یہ خدا کا یقینی وعدہ ہے۔
امام جمعہ قم نے مزید کہا: فرض کی انجام دہی میں صبر و تحمل فتح کی بنیاد قرار پاتی ہے۔
انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایران کے بہادرانہ اقدام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: ڈاکٹر قالیباف کا موجودہ حالات میں بیروت جانا اور مقاومتی محاذ کی حمایت کرنا ایک شجاعانہ اور قابل تعریف اقدام تھا۔ اس نے لوگوں کے دلوں کو مسحور کردیا اور مومنین کی دلی خوشی کا باعث بنا۔