لبنان کی حزب اللہ نے ایک بیان میں صیہونی افواج کے ہاتھوں حماس کے رہنما یحییٰ السنور کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تقریب خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کی حزب اللہ نے یحییٰ السنوار کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مزاحمتی تحریک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کی مجاہد اور مظلوم قوم اور حماس کے بھائیوں، اسلامی امت اور دنیا کے آزاد انسانوں کو طوفان الاقصی کے کمانڈر کی شہادت مبارک ہو۔ ہم ان کے عظیم خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے ان کے لیے صبر جمیل اور اجر عظیم کی دعا کرتے ہیں۔
حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا کہ شہید یحییٰ سنوار نے شہید اسماعیل ہنیہ کے پرچم مقاومت کو ہاتھ میں لے کر راہ مزاحمت کو آگے بڑھایا اور امریکی منصوبے اور صیہونی قبضے کے خلاف استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس راہ پر اپنا لہو پیش کیا، وہ شہید ہو کر انسانی عظمت اور کمال کے درجے پر پہنچ گئے۔
حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا کہ ہم لبنان کے ثابت قدم عوام کے ساتھ مل کر قاتل صہیونی دشمن کی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں اور ایک بار پھر، فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور خدا سے شہید کی بلندی درجات اور ملت فلسطین کی آزادی کی دعا کرتے ہیں۔