ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ شیخ نعیم قاسم کی قیادت میں حزب اللہ دشمن صہیونیوں کو مزید ذلت سے دوچار کرے گی۔
تقریب خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام محسن اژہ ای نے شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ لبنان کا سربراہ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
حجت الاسلام اژہ ای نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ مجاہد کبیر اور علمدار مقاومت شہید حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ کے سربراہ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جناب عالی بھی شہید نصراللہ کی طرح مقاومت کے صحیح راستے پر مصمم ارادے اور عزم کے ساتھ گامزن ہیں اور فردی اور اجتماعی طور پر صف اول کے افراد میں شمار ہوتے ہیں۔ حزب اللہ کی قیادت کے لئے آپ کا انتخاب مقاومتی محاذ کے جوانوں اور حریت پسندوں کے لئے مسرت بخش خبر ہے۔
حجت الاسلام اژہ ای نے کہا کہ شہید حسن نصراللہ کی طرح آپ کی بھی قیادت میں حزب اللہ دشمن اور غدار صہیونیوں کو مزید ذلیل و خوار کرے گی اور جرائت مندانہ جہاد میں اللہ کی مدد اور نصرت نصیب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی ذات اور اس کے سچے وعدوں پر ایمن حزب اللہ کی توانائیوں اور بہادری کا سرچشمہ ہے جس سے حزب اللہ کا ہر جوان سرشار ہے۔ اسی طاقت کے بل بوتے مجاہدین ظالم صہیونیوں پر کامل فتح حاصل کریں گے اور ہم سب استعماری آلہ کار صہیونی حکومت کی نابودی اور خاتمے کو اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کریں گے۔