ہمیں اپنے ایرانی بھائیوں اور قریبی دوستوں کی میزبانی کرنے پر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے،محمد اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر کہا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب علاقائی حالات کی وجہ سے عالم اسلام ایک نازک صورتحال سے دوچار ہے اور ایسے وقت میں ہم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ بات چیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
تقریب خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی وزارت خارجہ میں سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف کو سلام کہا۔
انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ایرانی بھائیوں اور قریبی دوستوں کی میزبانی کرنے پر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اس سال کے شروع میں ایران کے مرحوم صدر کی میزبانی پر فخر ہے اور اس کے بعد میں نے بھی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران کا سفر کیا۔
انہوں نے عراقچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دورہ پاکستان ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالم اسلام ایک نازک موڑ پر ہے۔