ایران کی مسلح افواج کا وفد ہتھیاروں کی نمائش "آئیڈیاز 2024" میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گیا
ایران کی مسلح افواج کا اعلیٰ سطحی فوجی وفد پاکستان کی بین الاقوامی ہتھیاروں کی نمائش "آئیڈیاز 2024" اور سیکورٹی ڈیفنس کانفرنس میں شرکت اور ساتھ ہی پاکستانی فوجی حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کے لیے کراچی پہنچ گیا ہے۔
منگل کی صبح بریگیڈیئر جنرل مجتبی رمضان زادہ کی سربراہی میں ایرانی فوجی وفد کے ارکان کا کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے جناح ائيرپورٹ پہنچنے پر پاکستانی حکام اور پاکستان میں ایران کے ملٹری اتاشی کرنل محمد محسن شہابی نے استقبال کیا۔
ایرانی فوجی وفد پاکستان آئیڈیاز 2024 کی فوجی سازوسامان اور دفاعی صنعتوں کی 12ویں بین الاقوامی نمائش میں شرکت اور ساتھ ہی پاکستانی فوجی حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کرے گا۔
پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی ہتھیاروں کی نمائش میں پہلی بار ایران کا پویلین قائم کیا جا رہا ہے جس کا مقصد دفاع، ایرو اسپیس اور الیکٹرانک وارفیئر کے میدان میں ایرانی صنعتوں سمیت ملک کی فوجی کامیابیوں کو ظاہر کرنا ہے۔
آئیڈیاز 2024 نمائش کا نصب العین "امن کے لیے ہتھیار؛ عالمی تعاون اور سٹریٹجک پارٹنرشپ" ہے، جس کا اہتمام ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن آف پاکستان (DEPO) نے کیا ہے اور اس میں دفاعی مصنوعات اور جنگی سازوسامان کے شعبے سے وابستہ کئی نامور ممالک شرکت کررہے ہیں۔
یہ نمائش 19 -22 نومبر تک ہوگی جس میں دنیا بھر سے فوجی سازوسامان بنانے والی مختلف ممالک کی کمپنیاں بڑی تعداد میں جدید ترین نئی ٹیکنالوجی جیسے ڈرون، آبدوز، میزائل، لڑاکا طیاروں، ٹینکوں اور ہتھیاروں میں تازہ ترین کامیابیوں کی نمائش کریں گی۔