برطانیہ میں فلسطینی حامی ہزاروں شہریوں نے غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت کی مذمت میں ایک بار پھر احتجاجی مظاہرہ کیا اور فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
سحرنیوز/دنیا: برطانیہ کے فلسطین حامی مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ لندن کے ہائیڈ علاقے میں کئے جانے والے اس مظاہرے میں مختلف مذاہب کے افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت میں بھی نعرے لگائے۔ مظاہرین نے برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب جانے کی بھی کوشش کی۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا ہوا تھا کہ مقبوضہ علاقوں میں صیہونی نسل پرستی کا خاتمہ کیا جائے۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے صیہونی حکام سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے اسی طرح اعلان کیا کہ جب تک غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اس قسم کے مظاہرے ہوتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی پولیس نے صیہونی لابی کے دباؤ میں مظاہرین پر بندشیں بھی لگائیں۔