بھارت اور سری لنکا میں سمندری طوفان فینگال سے 19 افراد ہلاک ہوگئے اور طوفان بھارت کے جنوبی ساحلی علاقے خلیج بنگال سے گزرنے کے بعد ریاست تامل ناڈو اور پڈوچیری کے علاقے میں سیلاب کا باعث بن گیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ پڈو چیری میں 24 گھنٹوں تک بارش ہوئی جو گزشتہ 30 برس کا ریکارڈ ہے۔
بھارت کی ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے جنوبی شہر چنائی سیلاب میں ڈوب گیا اور شہر سے پروازوں کا سلسلہ عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا تاہم اتوار کی صبح دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر زیرگردش تصاویر اور ویڈیوز میں گرد آلود طوفان اور شدید بارش دیکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے سڑکیں مکمل طور پر ڈوب گئی ہیں۔
بھارتی حکام نے بتایا کہ چنائی میں بارش کا سلسلہ کم ہوا ہے اور فوج نے پڈوچیری میں طوفان سے متاثرہ شہریوں کے لیے ریلیف کا کام شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا میں بھی طوفان فینگال نے تباہی مچادی ہے اور 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، کولمبو میں ڈیزاسٹرمنیجمنٹ سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق شدید بارش سے ایک لاکھ 38 ہزار 944 خاندان متاثر ہوگئے ہیں۔