QR codeQR code

شام کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کی ذمہ داری ہے

8 Dec 2024 گھنٹہ 22:50

ایران اور شام کے درمیان تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں:ایرانی وزارت خارجہ


رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے شام کی موجودہ صورت حال پر ایک بیان جاری کر کے ردعمل ظاہر کیا ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں شام کی وحدت، قومی خود مختاری اور ارضی سالمیت کے احترام کے بارے میں ایران کے اصولی موقف کو دہرایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کی ذمہ داری ہے جو کسی بیرونی مداخلت اور تسلط کو خاطر میں لائے بغیر خود مختاری کی بنیاد پر ہو۔

تاہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جلد از جلد فوجی تنازعات کو ختم کرنے، دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنے اور شامی معاشرے کی تمام اکائیوں کی شرکت سے قومی مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک جامع حکومت تشکیل دی جا سکے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ماضی کی طرح شام میں سیاسی عمل کی پیروی کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداد 2254 پر مبنی بین الاقوامی میکانزم کی حمایت کی ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

شام کی موجودہ نازک صورت حال میں ملک کے تمام باشندوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مذہبی مقدس مقامات سمیت سفارتی اور قونصلر مقامات کی حفاظت بھی بین الاقوامی قانون کے معیار کے مطابق بہت ضروری ہے۔

ایران اور شام کے درمیان تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ یہ تعلقات دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کی بنیاد پر دور اندیشی کے ساتھ جاری رہیں گے۔

  اسلامی جمہوریہ ایران مغربی ایشیا میں شام کی ایک اہم اور موئثر حیثیت پر تاکید کرتے ہوئے ملک کی سلامتی اور امن کے قیام میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا اور اس مقصد کے لیے تمام موئثر فریقوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گا۔

ظاہر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام اور خطے کی صورت حال کا گہرا جائزہ لے کر اس ملک کے سیاسی اور سیکورٹی منظر نامے میں موثر قوتوں کے طرز عمل اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب طرزعمل اور موقف اپنائے گا۔


خبر کا کوڈ: 660126

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/660126/شام-کے-مستقبل-کا-فیصلہ-وہاں-عوام-کی-ذمہ-داری-ہے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com