اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ریاض پہنچ گئے جہاں ان کی سعودی ہم منصب سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال اور سعودیہ میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 2034 کی فیفا کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے حوالے سے سعودی عرب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں، دورہ سعودی عرب کے دوران آپ کی اہم ملاقاتوں کے حوالے سے باہمی تعلقات میں مزید آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔