QR codeQR code

صیہونیوں کی جارحیت کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیئے۔ قالیباف

15 Dec 2024 گھنٹہ 23:34

اسپیکر قالیباف کی سلطنت عمان کی عدلیہ کے سربراہ خلیفہ بن سعید بن خلیفہ البوسعیدی سے ملاقات


تقریب نیوز (تنا) رپورٹ کے مطابق، اسپیکر قالیباف نے سلطنت عمان کی عدلیہ کے سربراہ خلیفہ بن سعید بن خلیفہ البوسعیدی سے ملاقات کے دوران غزہ میں ہو رہے صیہونی حکومت کے جرائم کو عالم اسلام اور انسانی حقوق کے شعبے کے لئے سب سے بڑا اور حساس مسئلہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران غزہ و لبنان میں بڑے وسیع پیمانے پر جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور اب شام کے موجودہ حالات میں صیہونیوں کی جارحیت ہو رہی ہے، یہ وہ مسائل ہیں کہ جن کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیئے۔

ایران کے اسپیکر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دہشتگرد گروہ علاقائی ممالک میں بدامنی کا دائرہ پھیلانے کی کوشش میں ہیں اور عالم اسلام کے اکابرین کی ذمہ داری ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں آپسی اتحاد و بھائی چارے کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت شامی عوام کے لئے بڑے دشوار حالات پیش آ چکے ہیں، جن کو دیکھتے ہوئے مسلم ممالک کو پہلے سے زیادہ ان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

اس گفتگو میں عمان کی عدلیہ کے سربراہ نے بھی صیہونی حکومت کے جرائم کے مقابلے میں مسلم ممالک کی استقامت و پامردی پر زور دیا اور کہا کہ ایران کے اعلیٰ حکام کے ساتھ عدالتی اور قانونی شعبوں میں بڑے مثبت مذاکرات ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ عمانی عدلیہ کے سربراہ نے اپنے ایرانی ہم منصب حجت الاسلام محسنی اژہ ای سے بھی ملاقات اور گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایران، عالم اسلام سے جڑے معاملات میں صحیح راستے کی جانب قدم بڑھاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 660871

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/660871/صیہونیوں-کی-جارحیت-کا-سلسلہ-فوری-طور-پر-بند-ہونا-چاہیئے-قالیباف

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com