ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صنعاء پاور پلانٹ، راس العیسیٰ فیول ٹینک اور حدیدہ بندرگاہ سمیت یمن کی بنیادی تنصیبات پر صیہونی فوج کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایران پریس کے مطابق جمعرات کی صبح یمن کے مخلتف علاقوں پر صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں کم سے کم 12 یمنی شہری شہید اور زخمی ہو گئے ہیں۔ اسماعیل بقائی نے ان حملوں کو واضح جارحیت اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں یمن کے مظلوم عوام پر واضح ظلم نیز اس ملک کی بنیادی تنصیبات کی تباہی کا پیش خیمہ ہیں۔
اسماعیل بقائی نے امریکہ کی جانب سے صیہونی حکومت کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت ، امریکہ کی غیر مشروط حمایت کی وجہ سے اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور واشنگٹن صیہونی حکومت کے جرائم میں برابر کا شریک ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے فلسطینی قوم کے ساتھ یمنی عوام کی یکجہتی اور حمایت کو سراہتے ہوئے صیہونی حکومت کی جارحیت کی روک تھام سے متعلق عالمی برادری اور عالم اسلام کی ذمہ داری پر تاکید کی۔ اسماعیل بقائی نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے منشور کے مطابق صیہونی حکام پر جنگی جرائم اور جارحیت کے ارتکاب کی بنا پر مقدمہ چلانے اور انہیں سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
اسماعیل بقائی نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو فیصلہ کن موقف اختیار کرنا چاہیے اور ان جرائم کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئيں ۔