QR codeQR code

حکومت پاکستان اور  پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات شروع

23 Dec 2024 گھنٹہ 14:16

سب کو پاکستان کا سوچنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ حکومت کے پاس آخری موقع ہے کہ حالات ٹھیک کریں


حکومت پاکستان اور ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں حکومت نے پی ٹی آئی سے چارٹر آف ڈیمانڈ مانگ لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے 3 رہنما پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جب کہ حکومت کی جانب سے عرفان صدیقی، علیم خان، اسحاق ڈار، نوید قمر، راجا پرویز اشرف اور رانا ثنا اللہ بھی پہنچے۔

حکومتی کمیٹی میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور عرفان صدیقی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں راجا پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چوہدری سالک بھی حکومتی کمیٹی میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سے عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، سلمان اکرم راجا اور صاحبزادہ حامد رضا بھی کمیٹی کا حصہ ہیں تاہم وزیراعلیٰ پختونخوا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، حامد خان اور سلمان اکرم راجا نے آج کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شریک ہوئے جب کہ علی امین صوبائی کابینہ کے اجلاس ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب عدالت میں پیشی اور حامد خان بنگلادیش کے دورے کی وجہ سے مذاکرات کا حصہ نہیں بنے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پوچھے بغیر پیر کا وقت دیا تھا، ہمارے اکثر لوگ کیسز اور دیگر معاملات میں مصروف ہیں۔

علامہ راجا ناصر عباس نے اس حوالے سے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا پورا رول ہے۔ مذاکرات میں بھی اسٹیبلشمنٹ کی مدد حاصل ہے، سب کو پاکستان کا سوچنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ حکومت کے پاس آخری موقع ہے کہ حالات ٹھیک کریں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے میز پر بیٹھیں گے تو معلوم ہوگا حکومت کی نیت کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کبھی نہیں کہٰں گے کہ مجھے رہا کرو۔ وہ قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے صاحبزادہ حامد رضا نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی مذاکرات کے لیے کھلے دل سے جارہے ہیں لیکن اپنے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

انہوں نے سیاسی اسیروں کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جائے گا ۔ سیاسی اسیروں کی رہائی میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی سر فہرست ہے ۔ میں کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے مذاکرات متاثر ہوں۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ اچھی توقعات کے ساتھ جا رہے ہیں، ہمارے پیش نظر پاکستان اور اس کی ترقی ہے، پاکستان کے عوام اور خوش حالی ہے۔ اچھے مقاصد اور اچھی نیت کے ساتھ ماضی کو ایک طرف رکھتے ہوئے توقع رکھتے ہیں کہ مذاکرات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔


خبر کا کوڈ: 661695

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/661695/حکومت-پاکستان-اور-پی-ٹی-آئی-کے-درمیان-مذاکرات-شروع

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com