برازیل کے جنوب میں ایک چھوٹا طیارہ مقبول سیاحتی مقام پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق برازیل کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ کینیلا سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد دو انجنوں والا پائپر پی اے-42-1000 ایک گھر کی چمنی اور دوسرے گھر کی دوسری منزل سے ٹکراتے ہوئے گراماڈو کے رہائشی علاقے میں ایک دکان سے جا ٹکرایا۔
ریو گرانڈے ڈو سل کے گورنر ایڈورڈو لیٹے نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حادثے میں طیارے کے مالک اور پائلٹ لوئز کلاڈیو گلیازی اور ان کے خاندان کے 9 افراد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ زمین پر موجود 17 افراد زخمی ہوئے ، جن میں سے 12 اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
گیلازی کی کمپنی گیلیازی اینڈ ایسوسیاڈوس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے سی ای او اور گیلیازی کی اہلیہ اور 3 بیٹیاں حادثے میں ہلاک ہوگئی ہیں۔
سیرا گوچا پہاڑوں میں واقع گراماڈو، خاص طور پر کرسمس کے موسم کے دوران چھٹیاں گزارنے والوں کے لیے ایک مقبول سیاحتی مقام ہے۔
اس سے قبل برازیل کے جنوب مشرقی شہر ونہیدو میں دو انجنوں والا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 62 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔