QR codeQR code

پاراچنار: شدید سردی میں دھرنا جاری

24 Dec 2024 گھنٹہ 16:32

گزشتہ ڈھائی ماہ سے سڑکیں اور ٹرانسپورٹ بند ہے، علاقے میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت برقرار ہے اور راستوں کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے


پاکستان کے علاقے ضلع کرم میں راستوں کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثرہے جس کی وجہ سے احتجاجی مظاہرین کا دھرنا جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر کرم میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے سڑکیں اور ٹرانسپورٹ بند ہے، علاقے میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت برقرار ہے اور راستوں کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے جب کہ شہریوں کی جانب سے شدید سرد موسم میں بھی 5 روز سے دھرنا جاری ہے۔

مظاہرین نے کشیدگی پر فوری قابو پانے اور حالات معمول پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب کرم میں کشیدگی 77 ویں روز بھی برقرار ہے اور صورتحال معمول نہ آسکی۔

صدر ٹریڈ یونین پاراچنار حاجی امداد کے مطابق مین شاہراہ اور افغان سرحد سمیت تمام راستے بند ہیں جب کہ خوراک اور روزمرہ استعمال کی اشیا ختم ہونے کے باعث بازار بند ہیں، ریسٹورنٹ، تندور سمیت دیگر دکانوں کی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت نے کُرم کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ریلیف ایمرجنسی کی منظوری دی تھی اور زمینی راستے کی بحالی کیلئے اسپیشل پولیس فورس بنانے کا فیصلہ بھی کرلیا۔

اکیس نومبر کو پارا چنار پیشاور روڈ پر چند گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں دسیوں افراد شہید و زخمی ہوگئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 661864

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/661864/پاراچنار-شدید-سردی-میں-دھرنا-جاری

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com