افغانستان کے اندر قائم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مشتبہ ٹھکانوں پر پاکستان کی جانب سے کارروائی کی گئی جہاں دہشت گردی کے تربیتی مرکز اور دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی عہدیداروں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کارروائی پاکستان کی سرحد سے متصل افغان صوبے پکتیکا کے پہاڑی علاقوں میں کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کارروائی کے حوالے سے یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پاکستانی جنگی طیاروں نے افغانستان کے اندر جا کر کارروائی کی اور آپریشن کیسے شروع کیا گیا تھا۔
پاک فوج کی جانب سے اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں پر پاکستان کی جانب سے رواں بس مارچ کے بعد اس طرح کا یہ دوسرا حملہ ہے جب پاکستان نے کہا تھا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر افغانستان کے اندر کارروائی کی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبرپختونخوا کے ساتھ سرحد پر پاکستانی فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 16 جوان شہید ہوگئے تھے اور اس کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی۔