ایتھوپیا میں مسافروں سے بھرا ٹرک دریا میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 71 افراد ہلاک ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب میں واقع ریاست سداما میں مسافروں سے بھرا ٹرک دریا میں گرا۔
ریجنل کمیونیکیشن بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ بونا ضلع میں پیش آیا، جس میں اب تک 68 مرد اور 3 خواتین کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ بونا جنرل اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
محکمہ صحت نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
پولیس کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے پیش آیا جب ٹرک دریا میں جا گرا، ٹرک ایک پل سے موڑ مڑتے وقت دریا میں گر گیا اور سڑک پر کئی موڑ تھے، ٹرک میں سوار کچھ مسافر ایک شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔
علاقے کی ٹریفک پولیس نے اطلاع دی ہے کہ ٹرک اوور لوڈ تھا، جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر حادثہ پیش آیا، حکام نے حادثے کے وقت ٹرک میں سوار مسافروں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔