پاراچنار سے اظہار یکجہتی/ پاکستان بھر میں دھرنے جاری/ مذاکرات کی کامیابی سے متعلق دعوے جھوٹے ہیں
پاکستان بھر میں پاراچنار کے ناگفتہ بہ حالات کے خلاف عوامی دھرنے اور احتجاج جاری ہیں اور مجلس وحدت المسلمین نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے کرم میں امن قائم کرنے میں کردار ادا نہیں کیا ہے۔
مجلس وحدت المسلمین خیبر پختونخوا کے جنرل سیکریٹری شبیر ساجدی نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی سے متعلق صوبائی حکومت کے دعوے جھوٹے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں شبیر ساجدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے مذاکرات کی کامیابی سے جڑے بیانات جھوٹے اور قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات اگر کامیاب ہوئے تو اپرکرم میں حالات نارمل کیوں نہیں ہوئے؟ صوبائی حکومت استعفیٰ دے کر گھر جائے۔ آپ امن کی بحالی میں ناکام ہیں۔
مجلس وحدت المسلمین نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے بھی کرم میں امن قائم کرنے میں کردار ادا نہیں کیا۔ فریقین جرگے میں بیٹھے نہیں اور بات چیت نہیں ہوئی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کے پی حکومت کے نکات پر دستخط کیے جبکہ دوسرا فریق پیچھے ہٹ گیا، دہشت گرد اپرکرم میں امن نہیں چاہتے۔
واضح رہے کہ ٹل پارا چنار روڈ 2 اکتوبر کو شیعہ مومنین کے قتل عام اور اسکے بعد قبائل کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد سے بند ہے، جس کی وجہ سے پارا چنار میں کھانے پینے کی اشیاء اور دواؤں کی قلت ہوگئی ہے۔ اس بندش کے خلاف کُرم پریس کلب پر عوامی دھرنا کئی روز سے جاری ہے۔
پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لءے پاکستان کے اکثر علاقوں میں دھرنے جاری ہیں جن میں کراچی، لاہور، کوئٹہ، گلگت بلتستان قابل ذکر ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں اور مرکزی شاہراؤں پر 13 مقامات پر دھرنے جاری ہیں جس میں مزید علاقوں میں اضافہ متوقع ہے۔