صیہونی حکومت جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
لبنانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدھ کی رات صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے بنت جبیل علاقے میں واقع قصبے عیترون کے کچھ گھروں کو آگ لگا دی۔
دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان پر وحشیانہ حملے کے بعد ایک بیان میں اعلان کیا ہےکہ فضائیہ نے خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایک فوجی گاڑی اور ہتھیاروں کے گودام کو نشانہ بنایا ہے۔دریں اثناء بدھ کو اسرائیلی ڈرونز نے بیروت کے نواحی علاقوں ضاحیہ اور صور شہر پر پروازیں کیں اور دو ہزار پچیس کے پہلے دن دو مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
غاصب صیہونی حکومت اگرچہ جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک بارہا جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکی ہے تاہم صہیونی فوج کے بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ یہ حکومت اب بھی لبنان کے ساتھ جنگ بندی پر کاربند ہے۔
حزب اللہ اور صیہونی حکومت کے درمیان ساٹھ روزہ جنگ بندی کے خاتمے میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ اس محدود مدت کے دوران جنوبی لبنان میں درختوں اور پودوں کو جلا کر ماحولیات کو تباہ کرنا اور پینے کے پانی کے ذرائع کو جان بوجھ کر آلودہ کرنا اس حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔