QR codeQR code

مار رجب المرجب کے اہم دستورات

4 Jan 2025 گھنٹہ 13:18


عارف کامل مرحوم آیت اللہ سید علی قاضی رحمۃ اللہ علیہ نے آج سے 87 سال قبل، (27 اگست 1938) ماہ رجب شروع ہونے سے ایک دن قبل، اپنے شاگردوں کے نام ایک خط تحریر کیا، اس خط میں انہوں نے ماہِ رجب کی اہمیت، عظمت اور معنویت پر زور دیتے ہوئے شاگردوں کو اس مبارک مہینے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی عملی ہدایات دیں، جو کہ مندرجہ ذیل ہیں:

1. توبہ کریں
خاص طور پر شب جمعہ یا اتوار کے دن، ماہِ رجب کے آغاز سے پہلے نمازِ توبہ ادا کریں، توبہ کے بعد گناہوں سے مکمل اجتناب کریں۔ ماہِ رجب کے دوسرے دن حالات کے مطابق دوبارہ نمازِ توبہ ادا کریں۔

2. محاسبہ اور مراقبہ
اپنے اعمال کا محاسبہ کریں اور اپنی غلطیوں پر معاقبہ (خود کو سزا دینا) کریں۔ اپنی روحانی ترقی کے لیے دل میں خشیت اور بیداری پیدا کریں۔

3. نماز اور نوافل کے لیے خشوع و خضوع
فرض نمازوں کو اس کے وقت پر ادا کریں اور ان کے ساتھ نوافل کو بھی شامل کریں (کل 51 رکعات)۔ اگر تمام نوافل ممکن نہ ہوں تو کم از کم 44 رکعات ادا کریں۔ مزید کم وقت ہو تو نمازِ اوّابین پر اکتفا کریں۔

4. نمازِ شب
مؤمنین کے لیے نمازِ شب کو ترک کرنا ممکن نہیں، جو کمالات کا خواہاں ہو اور شب زندہ داری نہ کرے تو وہ اپنے مقصد کو نہیں پا سکتا۔ نماز شب کے بغیر کوئی بھی روحانی کمال تک نہیں پہنچا۔

5. تلاوتِ قرآن
رات کے وقت قرآن کو خوش الحانی اور حزین آواز میں پڑھیں، کیونکہ یہ مؤمن کے لیے روحانی مشروب کی حیثیت رکھتا ہے۔
قرآن کی روشنی دلوں کی تاریکی کو دور کرتی ہے اور اس جیسا کوئی اور کلام نہیں۔

6. دعائے فرج اور استغفار
نمازِ وتر کے قنوت میں یا روزانہ دعائے فرج (حضرت ولی عصر علیہ السلام کی دعا) کو شامل کریں۔ استغفار پر خاص توجہ دیں تاکہ گناہوں کی معافی اور روحانی پاکیزگی حاصل ہو۔

7. تسبیح فاطمہ (سلام اللہ علیہا)
نماز کے بعد حضرت فاطمہ زہراء (سلام اللہ علیہا) کی تسبیحات کو ترک نہ کریں۔ یہ سب سے عظیم اذکار میں شامل ہے اور ہر نشست میں کم از کم ایک بار اسے پڑھیں۔

8. مؤمنین کی قبور کی زیارت
مؤمنین کی قبور کی زیارت کو معمول بنائیں، لیکن رات میں قبروں کی زیارت سے اجتناب کریں اور صرف دن میں زیارت کریں۔

9. مؤمنین اور نیک افراد سے تعلقات قائم رکھیں
نیک اور مؤمن افراد کے ساتھ تعلقات مضبوط کریں، کیونکہ یہ آپ کے لیے راستے کے معاون ثابت ہوں گے۔ 

10. مقامات مقدسہ اور مساجد کی زیارت
مقامات مقدسہ (حرم) یا مساجد کی زیارت کریں، مؤمن کی مثال مسجد میں ایسی ہے جیسے مچھلی پانی میں۔

11۔ دنیا کی حقیقت کے متعلق نصیحت
دنیا کے فریب ہونے سے بچیں! یہ ہمیں مشغول کر کے دھوکہ دیتی ہے اور گمراہ کرتی ہے، کیونکہ دنیا ہمارا اصل مقصد نہیں۔ خوش نصیب وہ ہیں جن کے جسم دنیا میں ہیں مگر دل ملکوت اعلی میں بستے ہیں، یہ افراد بظاہر کم ہیں، لیکن حقیقت میں وہ بہت زیادہ ہیں۔

حوالہ: صفحاتٌ من تاریخ الأعلام فی النجف الأشرف، جلد 1، صفحات 185–188


خبر کا کوڈ: 663070

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/663070/مار-رجب-المرجب-کے-اہم-دستورات

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com