پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے شام میں اقوام متحدہ کی حمایت سے ایک وسیع البنیاد حکومت کے قیام اور شام کے اتحاد و قومی خودمختاری کے استحکام کو یقینی بنانے کے مطالبے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے شام کی صورت حال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم چاہتے ہیں شام میں معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندوں پر مشتمل ایک وسیع البنیاد حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ شام کے اتحاد اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل ناگزیر ہے اور اقوام متحدہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔
منیر اکرم نے اس بات پر زور دیا کہ شامی عوام کو درپیش سیاسی، اقتصادی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے ایک وسیع البنیاد حکومت کو پرامن طریقے سے اقتدار کی منتقلی ضروری ہے۔
انہوں نے شام میں حکمران جماعت کے مثبت انداز اور ان کی یقین دہانیوں کا بھی خیر مقدم کیا۔
گزشتہ ہفتے پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کی معمول کے مطابق جاری سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد نے شام میں حکمران جماعت کے ساتھ کوئی براہ راست رابطہ نہیں کیا ہے۔