بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسلح افراد نے گزشتہ شب لیویز چوکی پر حملہ کردیا اور اہلکاروں کو یرغمال بنالیا۔
تفصیلات کے مطابق لیویز حکام نے بتایا کہ مسلح افراد نے سیمنٹ فیکٹری پر بھی حملہ کرکے اسے نذر آتش کیا اور کوئٹہ سکھر قومی شاہراہ پر ناکہ بندی کر کےگاڑیوں کی تلاشی بھی لی، ملزمان نے لیویز اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور اسلحہ، موبائل فون اور موٹرسائیکلیں چھین کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری پہنچ گئی، مسلح افراد کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ضلع خضدار کی تحصیل زہری کے مرکزی بازار پر مسلح افراد نے حملہ کرنے کے بعد لیویز فورس اسٹیشن، نادرا اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر اور ایک بینک سمیت متعدد سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دی تھی۔
حکام نے بتایا تھا کہ رات 11 بجے کے قریب 80 عسکریت پسند قریبی پہاڑوں سے علاقے میں داخل ہوئے اور انہوں نے زہری کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور دیگر مقامات پر مسلح افراد کو تعینات کیا، زہری بازار کے اردگرد چیک پوائنٹس اور پہاڑوں پر چوکیاں قائم کیں، تاکہ سیکیورٹی فورسز کی کسی بھی کارروائی کا مقابلہ کیا جاسکے۔
عسکریت پسندوں نے لیویز تھانے پر دھاوا بول دیا، اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، ریکارڈ توڑ پھوڑ کی اور عمارت کو آگ لگا دی تھی، جس سے عمارت کے کچھ حصے، فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔