عراقی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایران عراق کا ایک اہم اتحادی ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بغداد کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔
عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کے درمیان دہشت گردی اور دیگر معاملات پر بہترین اور موثر تعاون موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے عراق میں اثر و رسوخ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اور یہ ایران مخالف پروپیگنڈا ہے۔ ایران نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کا ساتھ دیا۔ ہمارے ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط ہیں اور تہران بغداد کا ایک اہم اتحادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراق ایک خودمختار ملک ہے جو اپنے فیصلے آزادانہ طور پر اور دیگر ممالک کے اثر و رسوخ سے بالاتر ہوکر کرتا ہے۔ ہم اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتے۔ حکومت عراق گزشتہ دو سال سے ایسی خارجہ پالیسی اپنانے کی کوشش کر رہی ہے جو باہمی احترام اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہو۔
عراقی وزیرِ اعظم نے کہا کہ بشار الاسد کی حکومت کے دوران دمشق کی درخواست پر شام میں ایران حاضر ہوا تاکہ دہشت گردی اور داعش کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
السودانی نے کہا کہ حشد الشعبی کا معاملہ عراق کا اندرونی مسئلہ ہے جسے ملکی قوانین کے مطابق حل کیا جائے گا۔ یہ گروہ غیر ملکی افواج کی موجودگی کا مخالف ہے۔ ہم عراق سے امریکی اتحادی افواج کے انخلاء کے لیے کام کر رہے ہیں۔