حماس کے اعلی رہنما نے ایران اور مقاومتی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ طوفان الاقصی نے مسئلہ فلسطین کو تاریخی موڑ پر لاکھڑا کردیا ہے۔
حماس کے سینئر رکن خلیل الحیہ نے غزہ کی حالیہ جنگ اور جنگ بندی معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے اس جنگ کو فلسطین کی تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیا۔
الحیہ نے کہا کہ ہم ان تمام افراد، ممالک اور تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس جنگ میں دفاعی طور پر ہماری حمایت کی، خاص طور پر مقاومت لبنان، یمنی بھائیوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے فلسطینی مجاہدین اور شہداء، خصوصاً القسام بریگیڈز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں مقاومت نے صہیونی حکومت پر ایک کاری ضرب لگائی۔ یہ جنگ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے جرائم ناقابل فراموش ہیں۔ ہماری مقاومت اور جدوجہد فلسطین کی آزادی تک جاری رہے گی۔
حماس کے رہنما نے مزید کہا کہ ہم اپنے ہیروز، القسام بریگیڈز اور دیگر تمام مزاحمتی گروہوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے جنگ کے آخری لمحے تک اپنی بہادری سے دنیا کو حیران کیا۔