امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ بندی پر 17 جنوری بروز جمعہ ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا۔
ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے سامنے جھکنا پڑ گیا، اللہ اکبر! اللہ اکبر، اسرائیل جس حماس کو مٹانے کی بات کرتا تھا آج اس سے ہی معاہدہ کرنا پڑا، نیتن یاہو نے امریکی سرپرستی میں حماس اور غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل 15 مہینوں تک فلسطینیوں کی بدترین نسل کشی کرتا رہا، مگر آج اسی حماس سے جنگ بندی کا معاہدہ کرنا پڑا ہے، یہ صرف اسرائیل کی نہیں بلکہ امریکا کی بھی شکست ہے۔ آج اہل غزہ سرخرو ہوگئے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یقیناً اسمٰعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار اپنے بھائیوں کی جیت کا نظارہ کر رہے ہوں گے، دیگر شہدا اہل غزہ کے جشن کا نظارہ کررہے ہوں گے، کیوں کہ شہید زندہ رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی اس جنگ کے 47 ہزار شہدا بھی زندہ رہیں گے، القدس آزاد ہوگا ، ان شااللہ۔