QR codeQR code

اسلام آباد:

فحش ڈرامے، نازیبا اشتہارات، الیکٹرانک میڈیا نے تہذیب کا جنازہ نکال دیا، علماء کرام

تنا(TNA) برصغیر ہند بیورو

روزنامہ اوصاف , 13 Dec 2011 گھنٹہ 16:25

مذہبی جماعتوں کے قائدین و علماء کرام نے کہاہے کہ الیکٹرانک میڈیا میں فحاشی و عریانی پر مبنی اشتہارات ، پروگرامات پاکستان کے اسلامی ثقافت و تہذیب پر حملہ ہے۔


 ملک کی اسلامی و مشرقی اقدار کو پامال کیا جا رہا ہے ۔ عالمی استعمار الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے گھر گھر میں فحاشی و عریانیت کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔
 
علماء و مذہبی جماعتیں فحاشی و عریانی کے اس سیلاب کے آگے بند باندھیں اور اپنا کردار ادا کریں ۔ 

ان خیالات کا اظہار رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان ، جمعیت علماء اسلام ف کے سیکرٹری اطلاعات مولانا امجدخان ، جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل قاری زوار بہادر ، تنظیم اسلامی پاکستان کے سربراہ حافظ عاکف سعید ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر ، رابطة المدارس پاکستان کے سربراہ مولانا عبدالمالک و دیگر نے اوصاف موبائل فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ 

مفتی منیب الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ایک منظم منصوبے کے تحت فحاشی ، عریانی کو فروغ دیا گیا ہے اور الیکٹرانک میڈیا اس سلسلے میں بھرپور کردارادا کر رہا ہے ۔
 
اخلاقی اقدار سے گرے ہوئے اشتہارات اور فحاشی و عریانی پر مبنی پروگرامات نے قوم کی غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے ۔
 
حکومت و پیمرا اس کا نوٹس لے ۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے قومی و مذہبی قیادت کا جو مذاق اڑایا جا رہا ہے اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ سازش کے تحت مذہبی کلچر کو کچل کر فحاشی پر مبنی مغربی تہذیب کو ملک میں مسلط کیا جا رہا ہے ۔
 
قاری زوار بہادر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا اور نجی ٹی وی اداروں نے قومی غیرت کی لوٹ سیل لگا دی ہے اب مائوں بہنوں کیساتھ بیٹھ کر بھی ٹی وی پروگرامات اور ڈرامے نہیں دیکھے جا سکتے ۔ 

گھرگھر ناچ گانے کی محفلیں سج گئی ہیں ۔ حافظ عاکف سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کھلم کھلا اسلامی تہذیب کا مذاق اڑا رہا ہے عریاں پروگرامات ، فحاشی کو فروغ دینے والے اشتہارات نے ہر آدمی کو پریشان کر دیا ہے ۔ 

اب ٹی وی پر خبر ناموں کا دیکھنا بھی ممکن نہیں رہا ۔ کیونکہ خبر نامے کے درمیان ایسے اشتہارات آ جاتے ہیں کہ انسانیت کا سر شرم سے جھک جاتا ہے ۔ 

علامہ زبیر ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے لئے حکومت ضابطہ اخلاق بنائے تاکہ کوئی بھی چینل حدود سے تجاوز نہ کرسکے ۔ 

تمام مذہبی جماعتیں متحد ہو کر اس سیلاب کے خلاف بندھ باندھیں اور منبر و محراب سے آواز اٹھائیں ۔
علماء


خبر کا کوڈ: 74849

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/74849/فحش-ڈرامے-نازیبا-اشتہارات-الیکٹرانک-میڈیا-نے-تہذیب-کا-جنازہ-نکال-دیا-علماء-کرام

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com