الحشد الشعبی نے تکفیری دہشت گردی اور داعش کی نابودی میں اہم کردار ادا کیا
الحشد الشعبی کے قیام کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کا کہنا تھا کہ یہ عراق کے سپوت ہیں اور اپنا تاریخی مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
شیئرینگ :
عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے تکفیری دہشت گردی اور داعش کی نابودی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
الحشد الشعبی کے قیام کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کا کہنا تھا کہ یہ عراق کے سپوت ہیں اور اپنا تاریخی مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
انہوں نے الحشد الشعبی کے جرأت مندانہ اقدامات، ان کے اہل خانہ کے صبر و حوصلے کی داد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی کے حوالے سے عوامی رضاکار فورس کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تیرہ جون دو ہزار چودہ کو جاری کیے جانے والے تاریخی فتوے کے تناظر میں آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کو عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کا بانی قرار دیا جاتا ہے۔ عراق کے دینی مرجع کی حیثیت سے آپ کے جہاد کفائی کے فتوے کے بعد، داعش کے خلاف جنگ میں مدد دینے کے لیے عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کا قیام عمل میں آیا تھا۔
عراق کے سابق وزیر اعظم حیدر العبادی نے داعش کے خلاف جنگ کے آخری ایام میں، چوبیس فروری دو ہزار سولہ کو جاری کیے جانے والے آرڈیننس کے ذریعے الحشد الشعبی کو ایک علیحدہ دستے کے طور پر مسلح افواج کا حصہ بنا دیا تھا۔ بعد ازاں عراقی پارلیمنٹ نے چھبیس نومبر دو ہزار سولہ کو ایک بل پاس کر کے، عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے قیام کو قانونی شکل دے دی تھی۔