امریکا کے گلوبل ہاک کی سرنگونی امریکہ کو واضح اور کھلا پیغام ہے
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ نے ایران کے جنوبی صوبہ ہرمزگان کی ساحلی فضائی حدود میں امریکا کا گلوبل ہاک ڈورون طیارہ مار گرایا ہے
شیئرینگ :
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ نے ایران کے جنوبی صوبہ ہرمزگان کی ساحلی فضائی حدود میں امریکا کا گلوبل ہاک ڈورون طیارہ مار گرایا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ ایران کی سمندری حدود میں امریکا کے گلوبل ہاک کی سرنگونی ایک واضح اور کھلا پیغام ہے اور وہ یہ کہ ایران کی سرحدیں ایک ریڈ لائن ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے ایران کے مغربی صوبہ کردستان کے پانچ ہزار چار سو شہیدوں کی یاد میں منعقدہ قومی اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران ایرانی فضائی حدود میں امریکا کے دیو ہیکل ڈرون طیارے کی سرنگونی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران کے اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ نے امریکا کے اس ڈرون طیارے کو جس نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی مارگرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن سے معرکے کےدوران ایرانی عوام کا اصول، روش اور طریقہ یہی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کسی سے بھی جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنے دفاع کے لئے تیار ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران پوری استقامت و پامردی کے ساتھ اس سلسلے میں دشمنوں کو خبردار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے جہاں بھی استقامت و ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہاں وہ کامیاب ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو چاہئے کہ وہ ایران کی ارضی سالمیت اور قومی مفادات کا احترام کرے۔
اس سے پہلے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ جمعرات کی علی الصبح امریکا کے گلوبل ہاک ڈرون طیارے کو جس نے ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں کوہ مبارک کے قریب ایرانی سمندر میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی سپاہ پاسداران کے اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ نے مار گرایا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے بھی کہا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے کے ذریعے ایرانی حدود کی خلاف ورزی اقوام متحدہ کے منشور اور ایران کے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے۔ پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ کمیشن کے سربراہ حشمت اللہ فلاحت پیشہ نے کہا کہ خلیج فارس کے علاقے کی حساس صورتحال کے پیش نظر امریکی ڈرون کے ذریعے ایرانی حدود کی خلاف ورزی علاقے میں بحری بیڑا بھیجنے اور خلیج فارس و بحیرہ عمان میں امریکی اقدامات اور کارروائیوں کا ہی حصہ تھی۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے بھی اس سلسلے میں کہا کہ ایران کی فضائی حدود ریڈ لائن ہے اور ایران کی مسلح افواج جارح قوتوں کو منہ توڑ جواب دیں گی۔ انہوں نے اس سے پہلے بدھ کو روس کے شہر یوفا میں سیکورٹی سے متعلق دسویں بین الاقوامی اجلاس کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پوری قوت کے ساتھ اپنی فضائی سمندری اور زمینی سرحدوں کی حفاظت کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کی فضائی حدود ریڈ لائن ہے اور اس کے لئے کوئی فرق نہیں ہے کہ کس ملک کا طیارہ اس کی خلاف ورزی کرنے کی غلطی کرے گا۔