کورونا وائرس ، ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی شدید تنقید کا نشانہ
سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
شیئرینگ :
سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے انتشار سے بھرپور اور تباہ کن صورتحال قرار دیا ہے۔
سابق امریکی صدر کی انتظامیہ کے تین اہم عہدیداروں نے اوباما کی اس گفتگو کی تصدیق کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کوورنا وائرس کی صورتحال سے امریکا سے جس طرح سے نمٹا گیا ہے وہ ہمیں ایک مرتبہ پھر اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے ملک کو مضبوط قیادت کی ضرورت ہوتی ہے۔
اپنی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اوباما نے اپنے ساتھیوں اور ڈیموکریٹک اراکین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات میں جو بائیڈن کو صدر منتخب ہوتے ہوئے دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور اراکین ان کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات آنے والے ہیں اور یہ بہت اہم ہیں کیونکہ ہم صرف ایک فرد یا سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں کر رہے ہوں گے بلکہ عرصے سے چل رہے ایک ایسے رجحان کا مقابلہ کریں گے جس میں خود غرضی کے ساتھ محض اپنی ذات، اپنے قبیلے کے بارے میں سوچا جاتا ہے اور تقسیم کر کے دوسروں کو دشمن تصور کیا جاتا ہے، یہ رجحان امریکیوں کی زندگیوں میں ایک اہم محرک کی شکل اختیار کر گیا ہے۔