واتین کو چاہیے کہ وہ اپنے ذاتی و خاندانی معاملات و اجتماعی معاملات پر سیدہ س کی شخصیت کو مدنظر رکھیں
قیامت تک خواتین عالم کے لئے بیٹی، بیوی اور ماں ہر پہلو سے آئیڈیل شخصیت جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات ہے۔
شیئرینگ :
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے دختر رسول اکرم (ص) حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہاکہ قیامت تک خواتین عالم کے لئے بیٹی، بیوی اور ماں ہر پہلو سے آئیڈیل شخصیت جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات ہے۔
انہوں نے کہا: دختر پیغمبر اکرم (ص) کی سیرت و کردار عالم نسواں کے لئے قیامت تک نمونہ عمل ہے۔ شاعر مشرق نے بھی اسی جانب اشارہ کیا “مزرع تسلیم را حاصل بتول....مادران را اسوہ کامل بتول”۔
علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ آزادی نسواں کی حدود و قیود ہر سوسائٹی نے مقرر کررکھی ہیں، مسلم سوسائٹی کی خواتین موجودہ دور کے تقاضوں کو سیدہ طاہرہ کے دئے گئے راہنما اصولوں کے مطابق بنا کر آزادی نسواں کیلئے جدوجہد کریں ۔
انہوں نے اس بات پر تاکید کی کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے ذاتی و خاندانی معاملات سے لے کر اجتماعی معاملات تک ہر موقع پر سیدہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو مدنظر رکھیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا کہ سید ہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یہ فرمان دخترانِ اسلام کے لئے نمونۂ تقلید ہے کہ “تمھاری دنیا میں میری پسندیدہ چیزیں تین ہیں: تلاوتِ قرآن، رسول خدا (ص) کے چہرۂ مبارک کی زیارت اور خدا کی راہ میں انفاق و خیرات کرنا”۔