کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی پہلی برسی۔
ایرانی عوام شہید والا مقام جنرل قاسم سلیمانی اور عظیم مجاہدِ اسلام جناب ابو مہدی المہندس کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔رہبر انقلاب اسلامی
شیئرینگ :
ایران سمیت پوری دنیا میں سردار محاذ استقامت اور سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی پہلی برسی منائی جارہی ہے۔
سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس اور ان کے آٹھ دیگر ساتھیوں اور محافظوں کو، امریکی دہشت گرد فوجیوں نے تین جنوری دوہزار بیس کو بغداد ایئر پورٹ کے قریب ایک بزدلانہ اور دہشت گردانہ ڈرون حملے میں شہید کردیا تھا۔
سردار شہدائے استقامت کا لقب پانے والے شہید قاسم سلیمانی نے اپنی بابرکت زندگی کے دوران اسلام کے سچے سپاہی اور جرنیل کی حیثیت سے بلاتفریق ملک و ملت، اسلام اور قرآن کی سربلندی اور مظلوم مسلمانوں کے دفاع کے لیے اپنی بے لوث خدمات پیش کیں۔
سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر کی حیثیت سے شہید جنرل قاسم سلیمانی نے عراق اور شام میں داعش کی نابودی میں کلیدی کردار ادا کیا اور عوامی رضاکار فورس کی تشکیل وتربیت کے ذریعے ان ملکوں کے عوام کو امن و سکون واپس لوٹایا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں فرمایا تھا کہ دنیا بھر کے شیطانوں اور شرپسندوں کے مقابلے میں برسوں کی مخلصانہ اور شجاعانہ جد و جہد اور راہ خدا میں شہید ہونے کی ان کی آرزو رنگ لائی اور سلیمانی کو اس بلند و بالا مقام سے ہمکنار کیا اور ان کا خون بشریت کے شقی ترین افراد کے ہاتھوں زمین پر بہایا گیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے شہید قاسم سلیمانی کو مزاحمتی و استقامتی محاذ کی عالمی پہچان قرار دیتے ہوئے فرمایا تھا کہ اس محاذ سے وابستہ تمام افراد ان کے انتقام کے طالب ہیں اور سبھی دوست اور سبھی دشمن یہ سمجھ لیں کہ مزاحمت و استقامت کی راہ مزید مستحکم عزم و حوصلے کے ساتھ جاری و ساری رہے گی اور یقینی طور پر کامیابی اس مبارک راہ میں گامزن رہنے والوں کے قدم چومے گی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا تھا کہ ایرانی عوام شہید والا مقام جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ہمراہ شہید ہونے والوں بالخصوص عظیم مجاہدِ اسلام جناب ابو مہدی المہندس کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔