علماء کا لباس، امام زمانہ (عج) کی خدمت کرنے اور حضرتؑ کی نوکری کرنے والوں کا لباس ہے
ایک نوجوان جو کہ طالب علم بننے کے لئے حوزہ علمیہ میں داخل ہوا ہے اس کا اس صنف کو انتخاب کرنے سے پہلے ایک حتمی مقصد ہونا چاہیے۔
شیئرینگ :
آیت اللہ سید احمد علم الہدی نے آج مشہد مقدس میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں منعقد عید مبعث کے عظیم الشان جشن اور طلباء کی عمامہ گذاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ وہ 67 سالوں سے اس عالمانہ لباس میں ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان جو کہ طالب علم بننے کے لئے حوزہ علمیہ میں داخل ہوا ہے اس کا اس صنف کو انتخاب کرنے سے پہلے ایک حتمی مقصد ہونا چاہیے، ایک طالب علم جو دوسرے ممالک سے ایران آیا اور سالوں تک تعلیم حاصل کر کے اپنی سرزمین واپس جا رہا ہے، اسے اپنے فرائض سے واقفیت ہونی چاہیے کیونکہ اب سے وہ لوگوں کو دین کی راہ دکھائے گا۔
مشہد مقدس میں ولی فقیہ کے نمائندے نے اس سلسلے میں اپنے برسوں کے مطالعے، تجربے اور اپنی کامیابیوں کے راز کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا: "علماء کا لباس، امام زمانہ (عج) کی خدمت کرنے اور حضرتؑ کی نوکری کرنے والوں کا لباس ہے۔اس درس و تدریس کا مقصد، علم حاصل کرنا اور امام زمانہ (ع) کی رضایت کسب کرنا ہے، لہذا جتنا بہتر طریقے سے آپ درس پڑھیں گے اتنے ہی بہتر طریقے سے آپ امام زمانہ (عج) کی خدمت کر سکیں گے۔
انہوں نے معمم ہونے والے طلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: آج کے بعد سے لوگ آپ کو ہر جگہ اس لباس کے ساتھ دیکھیں گے۔ یہ لباس امام زمانہ (عج) کی خدمت کی علامت ہے۔ آپ کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ آپ امام زمانہ (عج) سے منسلک ہیں، اسی لئے لوگ آپ کی جانب مراجعہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس تقریب میں افغانستان، پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش اور نائیجیریا کے 23 طلباء آیت اللہ سید احمد علم الہدی کے دست مبارک سے معمم ہوئےہیں۔