دشمن ہمارے ملک کی یشرفت میں رکاوٹ ڈالنے اور اس کو روکنے کی کوشش کررہا ہے
صدر سید ابراہیم رئیسی نے پیر کو عسلویہ میں پارس جنوبی مشترکہ گیس فیلڈ کے گیارھویں فیز کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس فیز کا افتتاح ملک کی تیل اور گیس کی صنعت میں ایک بڑا اور باقی رہنے والا اقدام ہے۔
شیئرینگ :
صدر مملکت نے پارس جنوبی گیس فیلڈ کے گیارھویں فیز سے گیس نکالنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ آج ہمیں فخر ہے کہ ہماری تیل کی صنعت نہ صرف یہ کہ غیر ملکی مشیروں سے وابستہ نہیں ہے بلکہ ہم دوسرے ملکوں بالخصوص تسلط پسند نظام کی ظالمانہ پابندیوں کا نشانہ بننے والے ملکوں کو انجینیرنگ اور تکنیکی خدمات فراہم کررہے ہیں ۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے پیر کو عسلویہ میں پارس جنوبی مشترکہ گیس فیلڈ کے گیارھویں فیز کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس فیز کا افتتاح ملک کی تیل اور گیس کی صنعت میں ایک بڑا اور باقی رہنے والا اقدام ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پروجکٹ ملک کے ماہرین نے ایسی حالت میں مکمل کیا ہے کہ جن غیر ملکی کمپنیوں سے اس کا معاہدہ ہوا تھا وہ پابندیوں کے بہانے اس کو چھوڑ کے چلی گئي تھیں اور ملک شدید ترین پابندیوں میں تھا۔
صدر مملکت نے بتایا کہ اس پروجکٹ کی تکمیل کے لئے جو لازمی وقت طے کیا گیا تھا ، پروجکٹ اس سے تین سال پہلے ہی مکمل ہوگیا۔ انھوں نے کہا کہ اس پروجکٹ میں قابل ملاحظہ مالی بجت ہوئی ہے ۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے اس پروجکٹ کو ایک انتہائی پیچیدہ اور اپنی نوعیت کا ایسا منفرد پروجکٹ قرار دیا جس سے ملک کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس پروجکٹ کی تکمیل سے مشترکہ گیس فیلڈ سے ہمارے ملک کے حق کا ایک قابل توجہ حصہ حاصل ہوگا ۔
صدر مملکت نے بتایا کہ اس پروجکٹ کی تکمیل سے فیز کی سات ملین مکعب میٹر گیس کی پیداوار بڑھ کے پچاس ملین مکعب میٹر سے زائد ہوگئی ہے
انھوں نے کہاکہ غیر ملکی کمپنیوں نے پابندیوں کے بہانے پارس جنوبی کے گیارھویں فیز کے تعلق سے اپنے معاہدے پر عمل نہیں کیا ۔ انھوں نے کہا کہ اس میدان میں ایرانی نوجوانوں اور ماہرین کے فولادی ارادے قابل فخرہیں ۔
انھوں نے کہا کہ ایک فیز کے پلیٹ فارم کو دوسرے فیز میں لے جانا، تکنیکی لحاظ سے بہت بڑا کا م ہے جو ہمارے ماہرین نے مختصر ترین مدت میں انجام دیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کے لئے باعث افتخار ہے کہ ہماری تیل کی صنعت سو فیصد ایرانی ہے جس میں غیر ملکی مشیروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایسی حالت میں حاصل ہوئي ہے کہ دشمن ہمارے ملک کی یشرفت میں رکاوٹ ڈالنے اور اس کو روکنے کی کوشش کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج ملک طاقتور ہے اور یہ طاقت و توانائی شہیدوں، عوام ، مسلح افواج، ماہرین اور حکام کی دن رات کی محنت سے حاصل ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہےکہ ہفتہ حکومت کی مناسبت سے صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے پیر کو شہر بوشہر کے نواحی علاقے عسلویہ میں پارس جنوبی مشترکہ گیس فیلڈ کے گیارھویں فیز سے گیس نکالنے کا سرکاری طور پر افتتاح کیا۔
اس پروجکٹ کی تکمیل سے پارس جنوبی مشترکہ گیس فیلڈ سے ایران کی گیس نکالنے کی سطح بڑھ کے روزآنہ 56ملین مکعب میٹر ہوگئی ہے جبکہ پارس جنوبی گیس فیلڈ کے سبھی فیزوں سے کام لئے جانے سے ملک کی ناخالص پیداوار میں سو فیصد اضافہ ہوگا۔