تاریخ شائع کریں2017 19 August گھنٹہ 14:52
خبر کا کوڈ : 280147

ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنما جاں بحق

مولانا عطاء اللہ شاہ جے یو آئی (ف) ڈیرہ اسماعیل چیپٹر کے اہم رہنما اور امیر جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے
مولانا عطاء اللہ شاہ جے یو آئی (ف) ڈیرہ اسماعیل چیپٹر کے اہم رہنما اور امیر جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنما مولانا عطاء اللہ شاہ جاں بحق ہوگئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مولانا عطاء اللہ کو اُس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا، جب وہ ہفتہ کی صبح مسجد میں نماز ادا کرنے کے بعد چہل قدمی کرتے ہوئے گھر کی طرف جا رہے تھے۔

مولانا عطاء اللہ شاہ جے یو آئی (ف) ڈیرہ اسماعیل چیپٹر کے اہم رہنما اور امیر جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔ مرحوم ان دنوں مسجد صدیق اکبر میں خطابت کی خدمات انجام دے رہے تھے۔

واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی دوسری جانب پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

رواں برس 18 مئی کو بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما حاجی عالم شاہ کو ان کی رہائش گاہ پر قتل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کی لہر میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے، جہاں ایک ہفتے کے دوران چار وارداتوں میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ 1 شہری زخمی ہوا۔

پہلی واردات 11 اگست کو کوٹلی امام حسین میں ہوئی، جہاں فائرنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہلکار سید یاسر شاہ اور سید ناصر شاہ شہید ہوئے۔

13 اگست کو مریالی میں فائرنگ سے سرکاری ملازم سید مظہر شیرازی کو گھر کے دروازے پر قتل کیا گیا۔

17 اگست کو عیدگاہ میں فائرنگ سے سجاد حسین نامی شہری شدید زخمی ہوگیا جبکہ آج 19 اگست کو بنوں اڈہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جے یو آئی (ف) کے مولانا عطاء اللہ شاہ جاں بحق ہوگئے۔
https://taghribnews.com/vdcbagb5zrhbw8p.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ