کوئی بھی تہران کے بارے میں امریکا کے جھوٹے دعوؤں پر یقین نہیں کرتا
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے ایرانی سفارتکاروں کے خلاف امریکی وزیر خارجہ کے بے بنیاد دعووں کے جواب میں کہا
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایرانی سفارتکاروں کے خلاف امریکی وزیر خارجہ کے بے بنیاد دعوؤں کے جواب میں کہا ہے کہ اب کوئی بھی تہران کے بارے میں امریکا کے جھوٹے دعوؤں پر یقین نہیں کرتا
شیئرینگ :
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایرانی سفارتکاروں کے خلاف امریکی وزیر خارجہ کے بے بنیاد دعوؤں کے جواب میں کہا ہے کہ اب کوئی بھی تہران کے بارے میں امریکا کے جھوٹے دعوؤں پر یقین نہیں کرتا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے ایرانی سفارتکاروں کے خلاف امریکی وزیر خارجہ کے بے بنیاد دعووں کے جواب میں کہا ہے کہ اب کوئی بھی ملک یا شخص تہران کے بارے میں امریکا کے جھوٹے دعووں پر یقین نہیں کرتا۔
جنگ پسندی کے لئے مشہور اور وزیرِ نفرت کہلانے والے امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیؤ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ترکی میں ایک قتل کے واقعے میں ایرانی سفارتکار ملوث ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا کہ ایک ایسے وقت جب پوری دنیا کورونا کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور امریکا سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ اپنی اقتصادی دہشت گردی بند کر دے، امریکی وزیر خارجہ نے اس خطرناک وبائی صورتحال کی پرواہ کئے بغیر ایرانی سفارتکاروں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کرنا شروع کردئے ہیں۔
مسٹر مجید نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی حکام کے بے بنیاد الزامات کی کوئی حد نہیں ہے اور اب کوئی بھی امریکا کے جھوٹ اور فریب میں نہیں آتا۔
اس درمیان جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر میں ایرانی سفیر اسماعیل بقائی نے ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں اور ایرانی عوام کو طبی آلات و ساز و سامان سے محروم کرنے کے تعلق سے امریکی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کے یہ تمام اقدامات انسانیت کے خلاف ہیں۔
جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر میں ایرانی سفیر نے جمعہ کو ڈبلیو اچ او کے سربراہ کے نام ایک خط ارسال کر کے کہا کہ کورونا کے ذریعے لوگوں کی جو موت ہو رہی ہے اس میں امریکا بھی برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی وجہ سے تہران کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے دیگر ملکوں سے طبی ساز و سامان اور ادویات نہیں خرید سکتا کیونکہ ایران کو امریکا نے بینکنگ ٹرانزیکشن سے محروم کر رکھا ہے۔
ایرانی سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلط کی گئیں پابندیاں اٹھائے جانے کے تعلق سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان کو عملی جامہ پہنائے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب ایران اور پوری دنیا کورونا جیسی وبا سے دوچار ہے تہران کے خلاف امریکی پابندیاں بین الاقوامی ضابطوں کے خلاف ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے حال ہی میں کہا تھا کہ اس وقت پوری دنیا کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ پابندیاں عائد کرنے کی۔