امریکی غلامی سے نجات ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے
پاکستان کو ایسے سیاست دانوں سے نجات دلانے کی ضرورت ہے، جو امریکہ کی خوشنودی کیلئے ملکی مفاد کو بھی نظرانداز کر دیتے ہیں
شیئرینگ :
مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ امریکی غلامی سے نجات ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔
پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مفادات کی خاطر امریکہ کو باپ بنا لینا کون سی حب الوطنی ہے؟ ماضی گواہ ہے کہ امریکی مداخلت سے ہمیشہ علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرات پیدا ہوئے۔
پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ کمزور اور غیر موثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کے مسائل میں اضافہ ہوا۔ ہمارے حکمرانوں کو ملک کی سلامتی کے تحفظ کی فکر کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر لڑانے کا غیر ملکی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ اگر امریکہ ہی کے بس میں سب کچھ ہوتا تو ذوالفقارعلی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک ہمارے سیاسی رہنماء نہ تو اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کر پاتے، نہ ایٹمی پروگرام شروع ہوتا اور نہ ہی ایٹمی دھماکے ہوتے.
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایسے سیاست دانوں سے نجات دلانے کی ضرورت ہے، جو امریکہ کی خوشنودی کیلئے ملکی مفاد کو بھی نظرانداز کر دیتے ہیں۔