حضرت زینب (س) کی شب شہادت کی مناسبت سے حرم امام علی رضا علیہ السلام میں مجالس عزاء برپا
شریکہ الحسین حضرت زینب (س) کی شب شہادت کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) مکمل طور پر سیاہ پوش ہے ،حرم مطہر رضوی کے صحنوں اور داخلی دروازوں پر سیاہ پرچم اور بنرز نصب کئے گئے ہیں۔
شیئرینگ :
پندرہ رجب المرجب کی تاریخ اہلبیت(ع) کے چاہنے والوں اور محبوں کے لئے غم وحزن کی تاریخ ہے جس دن ثانی زہراء حضرت زینب سلام اللہ علیھا کی شہادت ہوئي تھی۔
شریکہ الحسین حضرت زینب (س) کی شب شہادت کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) مکمل طور پر سیاہ پوش ہے ،حرم مطہر رضوی کے صحنوں اور داخلی دروازوں پر سیاہ پرچم اور بنرز نصب کئے گئے ہیں۔
کربلا کی شیر دل خاتون کی شب وفات کی مناسبت سے حرم امام علی رضا علیہ السلام کے مختلف صحنوں اور رواقوں میں مجالس عزاء برپا ہیں،حرم مطہر امام رضا (ع) میں پوری دنیا سے آنے والے عقیدت مندوں اور عزاداروں کا ہجوم ہےجو اشک بہاتے ہوئے نذارنہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
اسی مناسبت سے پاکستان، ہندوستان اور دیگر ممالک سے آنے والے اردو زبان زائرین کے لئے بھی حرم امام رضا(ع)کے رواق غدیر میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا جس میں زائرین اور عزاداروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی ، پروگرام کا آغازنماز مغربین کے فورا بعد تلاوت قرآن کریم سے ہواجس کے بعد زیارت امام علی رضا(ع) قرائت کی گئی اورمجلس عزاء کو حجت الاسلام والمسلمین ابن علی حیدری صاحب نے خطاب کیا۔
حجت الاسلام ابن علی حیدری نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مجلس عزا میں شریک خواتین کو حضرت زینب کبری سلام الله علیہا کی ذات پاک کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دینے اور ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کی تلقین کی ،انہوں نے حضرت زینب (س) کے کمالات و فضائل بیان کرنے کے ساتھ آپ کے مصائب بھی بیان کئے ۔آخر میں شریکہ الحسین حضرت زینب (س) کے غم میں اردو زبان زائرین نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔
یاد رہے کہ پورا سال حرم امام رضا(ع) میں اردو زبان زائرین کے لئے مختلف پروگراموں اور مجالس عزاء کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے تشریف لانے والے اردو زبان زائرین بھرپور انداز میں شرکت فرماتے ہیں۔