آئمہ طاہرین کے پیغام کو پوری دنیا میں عام کرنے کی ضرورت ہے
اوسلو میں علمائے امامیہ کونسل شنگن کے سربراہ حجت الاسلام سید شمشاد حسین رضوی نے اہلبیت عالمی اسمبلی کے سربراہ آیت اللہ رضا رمضانی سے ملاقات کی۔
شیئرینگ :
اہلبیت عالمی اسمبلی کے سربراہ نے آئمہ طاہرین کے پیغام کو پوری دنیا میں عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، اوسلو میں علمائے امامیہ کونسل شنگن کے سربراہ حجت الاسلام سید شمشاد حسین رضوی نے اہلبیت عالمی اسمبلی کے سربراہ آیت اللہ رضا رمضانی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آیت اللہ رمضانی نے معارف اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت کی اہمیت و افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر تعلیمات اور سیرت آئمہ و اہلبیت علیہم السلام کو صحیح طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کیا جائے تو لوگ اس کے گرویدہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمات اسلامی کے احیا کے لیے ان ذوات مقدسہ کی سیرت و تعلیمات کی ترویج اور اشاعت ضروری ہے۔
آیت اللہ رمضانی نے مزید کہا کہ ایران اسلامی عظیم مقاصد کی جانب گامزن ہے اور بہت سے اہم کام انجام دئے جا چکے ہیں۔
امامیہ علما کونسل شنگن کے صدر اور اوسلو ناروے کے امام جمعہ سید شمشاد حسین رضوی نے اس موقع پر توحید اسلامی سینٹر ناروے کی سرگرمیوں کے بارے میں ایک رپورٹ عالمی اہلبیت اسمبلی کے سربراہ کو پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ توحید اسلامی سینٹر ناروے مذہبی رسومات کے انعقاد کے علاوہ تعلیمات آئمہ اطہار علیہم السلام کو عام کرنے کے لئے اسلامی کتابوں کے ترجمے، نیز مجلے بھی شایع کرتا ہے۔
اس ملاقات میں یورپ میں قائم اسلامی مراکز کو درپیش مسائل کو دور کرنے، مبلغین کی حمایت اور اس سلسلے میں عالمی اہلبیت اسمبلی کے تعاون کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔